یوکرین میں موجود پاکستانی طلبہ کو جلد از جلد وطن واپس لوٹنے کی ہدایت کردی گئی

روس اور یوکرین تنازعہ کے پیش نظر حکومت پاکستان نے یوکرین میں موجود پاکستانی طلباء کو وطن واپسی کی ہدایت کردی جبکہ  کئی پاکستانی طلبہ کا کہنا ہے کہ انھیں مجبوری میں وطن واپسی کا فیصلہ کرنا پڑے گا۔

بی بی سی اردو کے مطابق گذشتہ روز یوکرین میں موجود پاکستانی سفیر میجر جنرل (ریٹائرڈ) نول اسرائیل کھوکھر اور یوکرین میں موجود پاکستانی طلبہ کے درمیان ایک زوم میٹنگ ہوئی تھی۔ اس اجلاس میں تقریباً 40 پاکستانی طلبہ نے شرکت کی جو یوکرین کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی نمائندگی کر رہے تھے۔

اس میٹنگ میں میجر جنرل (ر) نول اسرائیل کھوکھر نے طلبہ سے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے طلبہ کو ہدایت ہے کہ وہ کشیدگی کے پیش نظر جلد از جلد واپس پاکستان لوٹ جائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا ’جو طالب علم اپنی کسی ذمہ داری کی وجہ سے وطن واپس نہیں جائیں گے، سفارت خانہ انھیں ہر قسم کی مدد فراہم کرتا رہے گا۔‘

دوسری طرف پاکستانی سفارتخانے نے یوکرین کی وزارت تعلیم اور سائنس کو ایک خط کے ذریعے بتایا ہے کہ اس نے پاکستانی شہریوں بالخصوص طالب علموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عارضی طور پر یوکرین چھوڑ دیں، اس خط کے ذریعے یوکرین کے حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستانی طالب علموں کو رواں سمسٹر کے دوران جون تک آن لائن تعلیم فراہم کی جائے یا اس وقت تک جب تک یوکرین میں صورتحال دوبارہ معمول کے مطابق نہیں آ جاتی ہے۔اسی طرح سفارتخانے نے ایک اور خط کے ذریعے پاکستانی طالب علموں، جو کہ ابھی پاکستان سے یوکرین نہیں پہنچے ہیں مگر ان کے مختلف تعلیمی اداروں میں داخلے ہو چکے ہیں، کو ہدایت کی ہے کہ وہ حالات کی بہتری تک پاکستان میں ہی رہیں۔

یادرہے کہ اس میٹنگ کے ایک دن بعد ہی روس کے صدر نے یوکرین میں فوجی آپریشن کا اعلان کر دیا ہے۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *