مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بنیادی ضروریات سے محروم رکھنا سماجی ناانصافی کی بدترین مثال ہے، سردار تنویر الیاس
Written by Prime FM92 on February 20, 2022
آزادکشمیر کے سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بنیادی ضروریات سے محروم رکھنا سماجی ناانصافی کی بدترین مثال ہے۔ کسی بھی معاشرے میں سماجی انصاف کی اہمیت اور اس کی افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا،دنیا میں مختلف ادوار میں مختلف تحریکیں سماجی انصاف کے حصول کے لیے طلوع و غروب ہوئیں۔ پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ نے انسانیت کے ساتھ ہر لحاظ سے انصاف کرنے کا لافانی پیغام دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی انصاف کا عالمی دن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ انسانی تاریخ فلاحی معاشرہ کے قیام اورتمام انسانوں کویکساں حقوق کی فراہمی کے لیے ہمیشہ کوششیں کرتی رہی ہے، سماجی انصاف کاعالمی دن بھی اس مقصد کے حصول کے عزم کااعادہ کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف اسلام کے اصولوں کے مطابق ہوتا دکھائی دینا چاہیے۔انصاف پر مبنی معاشرہ ملک کی سماجی، معاشرتی اور اقتصادی ترقی کیلئے ایک ناگزیر ستون ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کیجانب سے سماجی ناانصافی کے باعث کشمیری عوام کو بدترین صورتحال کا سامنا ہے۔ بھارت نے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کرکے انصاف کا قتل کیا ہے۔ کشمیری عوام کو بنیادی ضروریات سے محروم رکھنا سماجی ناانصافی کی بدترین مثال ہے۔