اپوزیشن تقسیم ہو چکی ،پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ سندھ حکومت کے ذریعے اس کی کرپشن کا پہیہ چلتا رہے :حسان خاور
Written by Prime FM92 on February 1, 2022
معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نےکہاہےکہ اپوزیشن تقسیم ہو چکی،سینٹ میں سٹیٹ بنک بل کی منظوری کے موقع پر اپوزیشن کو شکست اس کی واضح دلیل ہے،ن لیگ اسمبلیوں سے استعفے کی بات کرتی ہے ،دوسری طرف پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ سندھ حکومت کے ذریعے اس کی کرپشن کا پہیہ چلتا رہے،اس بناءاپوزیشن اختلافات کا شکار ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں حسان خاور نے سپریم کورٹ کی طرف سے راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی بحالی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ہاوسنگ سوسائٹی نہیں بلکہ ایک نیا شہر بسانے کا منصوبہ ہے جہاں20 ارب ڈالر کی سرمایہ ہو گی اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے، اس منصوبے کے تحت تین واٹر بیراج تعمیر ہونگے،دو کروڑ درخت لگائے جائیں گے اور 20 لاکھ رہائشی یونٹ تعمیر ہو گے،اس ترقیاتی عمل سے کنسٹرکشن انڈسٹری سے منسلک 30 سے زائد صنعتوں کو فائدہ پہنچے گا،روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور اکنامک گروتھ بڑھے گی،راوی ریور فرنٹ کا منصوبہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے جسے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار عملی جامہ پہنا رہے ہیں،پاکستان میں اسلام آباد کے بعد کوئی نیا شہر نہیں بسایا گیا جبکہ گزشتہ چند سالوں میں اربنائزیشن کی وجہ سے دنیا میں200 سے زائد نئے شہر بسائے گئے ہیں۔