پاکستانیوں کو ویزے کے بغیر قطر داخلے کی اجازت مل گئی
Written by Prime FM92 on January 29, 2022
قطر نے پاکستانیوں کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کردیا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق قطر نے پاکستان کو بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا ہے جن کے شہری ویزے کے بغیر قطر جا سکتے ہیں۔ قطری حکومت کی طرف سے جاری کی گئی اس فہرست میں پاکستان سمیت کل 95ممالک شامل ہیں۔
قطر کی طرف سے دی گئی اس سہولت کے بعد پاکستانی شہری اب 30روز تک بغیر ویزے کے قطر میں قیام کر سکتے ہیں۔ اس ویزہ فری انٹری اور قیام کے لیے پاکستانیوں کو قطر روانگی سے قبل ریٹرن ٹکٹ اور ہوٹل کی بکنگ کی شرائط پوری کرنی ہوں گی۔ اس کے علاوہ ان کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہونے میں کم از کم 6ماہ باقی ہونے چاہئیں۔