حکومتی ارکان جہاد سمجھ کر قانون سازی میں حصہ لیں، وزیراعظم عمران خان

Written by on November 10, 2021

وزیر اعظم عمران  خان نے کہا ہے کہ دھاندلی کا واحد توڑ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) ہے، کرپٹ سسٹم کی پیداوار تبدیلی نہیں آنے دیں گے۔

اسلام آباد میں ارکان پارلیمنٹ سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ تبدیلی ہمیں لانی ہے، آپ کا مقابلہ مافیا سے ہے، جہاد سمجھ کر قانون سازی میں حصہ لیں۔

انہوں نے حکومتی ارکان کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہوسکتا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے اصلاحات پر کوئی تجویز نہیں دی، الیکشن کمیشن بھی ای وی ایم پر عجیب عجیب اعتراض کرتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ قابل شناخت ووٹ کی اپوزیشن اور الیکشن کمیشن نے مخالفت کی، کوئی اب تک جواب نہیں دے سکا اس میں ہمارا کیا فائدہ ہے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ سینیٹ الیکشن کے لیے پیسے لینے کی وڈیوز دکھانے کے باجود کچھ نہیں ہوا، نہ الیکشن کمیشن نے پیسے لینے کی وڈیو پر کچھ کیا نہ حکومت نےکیا۔

انہوں نے کہا کہ 1970 کے بعد تمام انتخابات متنازع ہوئے، ہارنے والے نے نتیجہ نہیں مانا، ہم 50 سال میں آزاد شفاف انتخابات نہیں کراسکے۔

عمران خان نے کہا کہ اصلاحات حکومت نے کرنی ہوتی ہے، ڈیڑھ سال میں اپوزیشن نے کوئی تجویز نہیں دی، 2018 میں اپنا الیکشن کمشنر اور پولنگ عملہ رکھنے والے کہتے ہیں دھاندلی ہوگئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ اخلاقیات قائم ہے تو ایٹم بم مارکر بھی کسی قوم کو ختم نہیں کرسکتے، حکومت اور اتحادی ارکان جہاد سمجھ کر پارلیمنٹ اجلاس میں شریک ہوں۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist