وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آرٹیکل 147 کے تحت رینجرز کو 60 روز کے لیے پورے پنجاب میں تعینات کردیا گیا ہے، ہم ناموس رسالتﷺ اور ختم نبوتﷺ کے بھی سپاہی ہیں لیکن ان کا ایجنڈا کچھ اور ہے،جو لوگ ان کو آگے کرکے یہ سمجھ رہے ہیں کہ حکومت کی رٹ چینلج ہوجائے گی اور حکومت کہیں جارہی ہے تو حکومت کہیں نہیں جارہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ رینجرز کی تعیناتی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے،پنجاب حکومت کو سیکشن فائیو اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت 60 دن کے لیے اختیار دیتا ہوں،وفاقی کابینہ سےمنظوری کےلیےسمری بھیج دی ہے،نوٹیفکیشن جاری کر رہا ہوں، حالات کی سنجیدگی اور گہرائی کو دیکھتے ہوئے آرٹیکل 147 کے تحت پنجاب رینجرز کو پنجاب حکومت کی درخواست پر 60 دن کے لیے کراچی کی طرح پورے پنجاب میں نافذالعمل کر رہا ہوں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ برداشت نہیں ہوسکتا کہ مظاہروں کی وجہ سے بیمار ہسپتال اور بچے سکول نہ جاسکیں، کالعدم تنظیم نے اپنی کمٹمنٹ پوری نہیں کی ہے،ان کا وعدہ تھا ہم جاتےساتھ دونوں اطراف راستے کھول دیں گے لیکن انہوں نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا، ہم اپنے وعدے پر قائم ہیں،میں نے صبح بھی ان سے کہا ملک کے حالات دیکھیں، ہم فرانس کے سفارت خانے کو بند نہیں کرسکتے اور ان کا سفیر یہاں نہیں ہے، ساری دنیا کے سامنے کہہ رہا ہوں ان کا سفیر یہاں نہیں ہے، وہ کہتے ہیں گوگل سے دیکھتے ہیں، مجھے نہیں پتہ گوگل کیسے دیکھتے ہیں؟پاکستان پر بہت بڑےدباؤ ہیں، غیرملکی طاقتیں ہم پر پابندیاں عائد کرنا چاہتی ہیں، غیرملکی طاقتیں ہماری جوہری اور معیشت پر نظریں جمائی بیٹھی ہے، یہ ان کی چھٹی قسط ہے اور مجبوری کی حالت میں کہہ رہا ہوں کہ یہ اب عسکریت پسند ہوچکے ہیں۔
Leave a Reply