اسلام آباد میں ڈینگی کیسز ڈیڑھ ہزار سے بڑھ گئے
Written by Prime FM92 on October 14, 2021
اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 125 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو کہ اب تک کے سب سے زیادہ کیسز ہیں جس کے بعد دارالحکومت میں ڈینگی کےکُل کیسز 1528 ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ( ڈی ایچ او ) کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد کے دیہی علاقوں سے ڈینگی کے 78 کیسز سامنے آئے ہیں، ان علاقوں میں ابتک 1015 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوچکی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق 24 گھنٹوں میں اسلام آباد کے شہری علاقوں میں ڈینگی کے 47 کیسز سامنے آئے ہیں، ان علاقوں میں اب تک ڈینگی وائرس سے 513 افراد بیمار ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 5 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز لاہور میں سامنے آرہے ہیں، پنجاب کے نجی اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لیے پانچ ہزار بستر مختص کر دیے ہیں، پنجاب میں کورونا اور ڈینگی کا مقابلہ مربوط حکمت عملی سے کررہے ہیں۔