صدر مملکت کی متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم سے ملاقات ، دبئی ایکسپو 2020ء کے کامیاب افتتاح پر مبارکباد
Written by Prime FM92 on October 10, 2021
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے دبئی میں ملاقات کی اور انہیں دبئی ایکسپو 2020ء کے کامیاب افتتاح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ایکسپو 2020ء نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ پورے خطے کے لیے ایک اہم ایونٹ ہے، دبئی ایکسپو 2020 خطے اور دیگر ممالک کو ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ روابط اور شراکت داری قائم کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گا۔ صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم کو پاکستان پویلین کے بارے میں بتایااور کہاکہ پاکستان پویلین پاکستان کے پوشیدہ اور دریافت شدہ خزانوں کی نمائش کرے گا ۔
صدر مملکت نے اماراتی وزیرِ اعظم کو متحدہ عرب امارات کی گولڈن جوبلی تقریبات پر مبارکباد دی اور کہاکہ متحدہ عرب امارات کی قیادت نے اپنے ملک کو علاقائی تجارت ، ٹرانسپورٹ ، لاجسٹکس ، ٹیکنالوجی اور سیاحت کے مرکز میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ صدر مملکت اور شیخ رشید المکتوم نے افغانستان کی صورتحال سمیت دو طرفہ اور علاقائی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔صدر مملکت نے وزیراعظم کو بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی مسلح افواج کی طرف سے کشمیری مسلمانوں کے بنیادی انسانی حقوق کی مسلسل اور صریحاً خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات میں 16 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہاکہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں