جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے نام پر عمران خان وسیب کے عوام کو ایک لولی پوپ دے رہا ہے ، بلاول بھٹو زرداری
Written by Prime FM92 on September 11, 2021
رحیم یار خان; چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے نام پر عمران خان وسیب کے عوام کو ایک لولی پوپ دے رہا ہے کیونکہ جب اس نے سیکریٹریٹ کا اعلان کیا تو اس سے ظاہر ہوگیا کہ عمران خان کبھی بھی وسیب کے عوام ان کو صوبہ نہیں دینا چاہتاتھا، پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخواکے عوام کو شناخت دی اور پیپلزپارٹی ہی وسیب کے عوام کو ان کا صوبہ دے گی، اس ضمن میں ہم نے پہلے ہی سینیٹ سے دو تہائی اکثریت سے قانون سازی کی ہوئی ہے۔
بہادرپور چوک رحیم یار خان میں وکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئےبلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ظالموں کے آگے مزاحمت کی ہے، پیپلزپارٹی ہمیشہ عوام کو حقوق دلانے کے لئے عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے، اس وقت ایک اور ظالم ملک پر مسلط ہے جس سے ہر شہری مشکلات کا شکار ہے، عمران خان بڑے بڑے دعوے کرکے حکومت میں آیا جیسا کہ ایک کروڑ نوکریں، 50لاکھ گھر اور 90روز میں کرپشن کا خاتمہ ،یہ سارے دعوے اور وعدے جھوٹے ثابت ہوئے،روزگار دینے کی کی بجائے عمران خان نے لاکھوں افراد کو بیروزگار کر دیا، اور انکروچمنٹ کے نام پر لوگوں سے ان کی چھت چھین لی ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق عمران خان کے تین سالہ دور میں پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔