’حجاب دنیا کی ترقی میں رکاوٹ نہیں ، سراج الحق نے ملک بھر کی خواتین سے بڑی اپیل کردی

Written by on September 5, 2021

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حجاب دنیا کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بلکہ عورت کا تاجِ زریں ہے،تہذیبی کشمکش کےاس دور میں مسلمان عورت پر مزید ذمہ داری عائد ہوتی ہے،اللہ کا شکر ہے کہ دنیا میں حجاب کا کلچر عام ہو رہا ہے، ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ اپنی تہذیب کو مغرب کے حوالے کرنا ہے یا اسوہ رسولﷺ کو اپنانا ہے،مسلمان عورت کی آئیڈیل حضرت خدیجہؓ اور حضرت فاطمہؓ ایسی شخصیات ہیں، مغرب نے عورت کو کھلونا بنایا، اسلام نے عورت کو بلند مرتبہ پر فائزکیا، نظریہ پاکستان پر حملے ہو رہے ہیں، ہمارا فیملی نظام دشمنوں کے نشانے پر ہے، پاکستانی عورت آگے بڑھے، یہ خواتین ہی تھیں جنھوں نے کشمیر اور فلسطین کے بچوں کو آزادی کا سبق پڑھایا اور انھیں ظلم کے آگے ڈٹ جانے کی تربیت دی، افغان ماؤں نے حریت کی گھٹی افغانیوں کے گلے میں اتاری،وزیراعظم ناکامی اور ناامیدی کی باتیں کر رہے ہیں،وہ مان گئےکہ تبدیلی لانااُن کے بس میں نہیں،اُنھوں نے ریاست مدینہ کے نام پر قوم سے دھوکا کیا، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جماعت اسلامی کا پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے ملک میں حیا کے کلچر کو عام کریں،ہم آپ سے وعدہ کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اقتدار دیا تو ملک کو قرآ ن و سنت کا گہوارہ بنائیں گے۔

عالمی یوم حجاب کے سلسلے میں لاہور کے پی سی ہوٹل میں منعقدہ ”تہذیب ہے حجاب“ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےسراج الحق نے کہا کہ جو لوگ عورت سے محبت کے دعوے کرتے ہیں اور ان کی آزادی کے نام نہاد دعوے دار بنے بیٹھے ہیں وہ جھوٹ اور مکر و فریب سے کام لیتے ہیں، اللہ تعالیٰ کو اس کی مخلوق سب سے زیادہ پیاری ہے اور اللہ ہی نے اپنی مخلوق کے لیے زندگی گزارنے کا تصور دیا ہے، پردہ اس لیے ہے کہ یہ اسلام کا حکم ہے، حجاب دنیا میں شرافت کی علامت ہے،پردہ کبھی بھی دنیا کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بنا، ہم نے ان خواتین کو بھی دیکھا ہے جو اعلیٰ ترین عہدوں پر فائز ہیں مگر حجاب کرتی ہیں۔


Reader's opinions

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *



Current track

Title

Artist